بنگلورو،31؍مئی(ایس او نیوز)وزیراعظم نریندرمودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کے7 سال کی تکمیل کے پیش نظر صبح سے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ریاستی نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹراشوتھ نارائن نے پارٹی ورکرس،کووِڈفرنٹ لائن واریئرس اورہیلتھ ورکرس سے ملاقاتیں کیں۔اس دوران گٹہلی وارڈکے صفائی کرمچاریوں،بیسکام اورڈرینیج ورکرس میں فوڈکٹس تقسیم کئے گئے۔ویکسین لینے کے لیے قطارمیں کھڑے لوگوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
اس موقع پرانہوں نے کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں کوتنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر جوڑتوڑکی سیاست کررہی ہیں،مشکل اورنازک دنوں میں ویکسین کے بارے میں غلط افواہیں پھیلارہی ہیں۔مرکزی حکومت ملک کے ہرشہری کوویکسین دینے کے لیے سرگرداں ہے،سال رواں کے آخرتک تما م باشندوں کوویکسین دے دی جائے گی۔اب تک ملک میں 23کروڑافرادکوویکسین دی گئی ہے۔مودی کی قیادت میں ملک تمام شعبوں میں ہمہ جہت ترقی کرتاجا رہاہے۔ یہ کامیابیاں اپوزیشن پارٹیوں کوہضم نہیں ہورہی ہیں،اس لیے ویکسین کے سلسلہ میں غلط افواہیں پھیلارہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مودی برسراقتدارآنے تک ہمارے ملک میں ایک وینٹی لیٹربھی تیارنہیں ہوتی تھی،ماسک،سینی ٹائزر،پی پی ای کٹ تک نہیں تھے۔ہرایک چیزکے لیے دوسرے ممالک پرانحصارکرنے کی مجبوری تھی۔اب صرف ایک سال کے دوران مکمل طورپرخو دکفیل بننے کی طرف گامزن ہیں۔آکسیجن کانسٹریٹراب خودکفیل ہندوستان کے تحت ملک میں ہی تیارہورہے ہیں۔ ابتدامیں جب ویکسین دریافت کی گئی تھی اس وقت کانگریس اوردیگراپوزیشن پارٹیاں عوام میں غلط فہمیاں پیداکرتے رہے،ا ب ویکسین ملنامشکل ہوگیاہے کہتے ہوئے افواہیں اڑارہے ہیں۔ہمارے ملک میں تیارویکسین کے بارے میں اس قسم کی غلط افواہیں پھیلاناکہاں تک درست ہے؟ ویکسین تیارکرنے کے معاملہ میں ہندوستان کی جانب سے نہایت بڑے پیمانے پرٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ملک میں ویکسین سازی روکنے کے لیے عالمی سطح پرسازشیں ہوئیں مگرہندوستان آگے بڑھتاگیااوراس میں کامیابی بھی حاصل کی۔